اقتصادی ترقی کے لیے خطے کے ممالک کے ساتھ مثبت تعلقات استوار کرنا وقت کی ضرورت ہے، انوار الحق کاکڑ
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کے لیے خطے کے ممالک کے ساتھ مثبت تعلقات استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
چین کے نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی پالیسی کو معقول بنانے اور اسے مارکیٹ کی سطح پر لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو ایک فعال اقتصادی ملک بنانا چاہتے ہیں اور اسے مینوفیکچرنگ کے شعبے میں خود کفیل بنانا چاہتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سبز اور پائیدار ترقی پر توجہ دے رہا ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ہم سستی توانائی کے حصول کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، صنعتی شعبے میں ترقی سے ہی معاشی استحکام آئے گا۔
پاک چین تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے چین کے ساتھ شراکت داری پر مبنی تعلقات ہیں، چین ترقی کرتا ہے تو پوری دنیا ترقی کرتی ہے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ہمیں نئی سوچ اور نظریات پر عمل کرنا ہوگا۔